کشن گنج (بہار) 25/ دسمبر (موصولہ رپورٹ) مدرسہ فاطمۃ الزھرا للبنات پھولباڑی چھترگاچھ (زیر نگرانی الہادی میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی) ضلع کشن گنج میں ششماہی انعامی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر مولانا شمیم ریاض ندوی محرک مجلس علمائے ملت، مولانا عبدالماجد قاسمی رکن اساسی مجلس علمائے ملت، ماسٹر وصی احمد، لیگل ایڈوائزر صدام حسین، شیخ عبدالرقیب وغیرہ موجود رہے۔
مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا۔ تلاوت کلام اللہ سے مجلس کا آغاز ہوا، مدرسے کی طالبات نے نعت و نظم اور تقاریر سے سامعین کو محظوظ کیا۔ مکھیا عبدالتواب چیئرمین مدرسہ ہٰذا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس مدرسے کے بانیین میں کئی لوگ شامل ہیں جن میں جناب حاجی عبدالجلیل صاحب اور دیگر حضرات کا خلوص کارفرما ہے، ان حضرات کی قربانیوں اور جہد مسلسل کے بعد یہ مدرسہ اس مقام تک پہنچا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مدرسے کو بزنس کی نگاہ سے نہیں دیکھا، بلکہ صدقہئ جاریہ کی نیت سے مدرسے کا قیام کیا ہے اور ان شاء اللہ! اسی نیک نیتی کے ساتھ ہم اس ادارے کو چلائیں گے۔ نائب چیئرمین مدرسہ ہٰذا ماسٹر مرسیلین عالم نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔
مقررین نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کے لیے دینی تعلیم بہت ضروری ہے، گھر کی خواتین دین دار ہوں گی تو نسلیں دیندار بنیں گی، مسلم بچیوں کو دینی تعلیم سے روشناس کرانا وقت کا اہم تقاضا ہے جس کو یہ مدارس اسلامیہ بخوبی انجام دے رہے ہیں؛ لیکن ان جیسے ہزاروں مدرسوں کی مزید ضرورت ہے، ساتھ ہی ہمیں اپنی بچیوں کو دینی تعلیم کے حصول کے لیے فکر مند ہونے کی ضرورت ہے۔ پروگرام کے آخر میں ششماہی امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیاب ہونے والی تمام بچیوں کو انعامات سے نوازا گیا، مولانا عبدالواحد بخاری، مولانا ابراہیم بخاری، مولانا عبدالمنتقم فرقانی، معلمہ رحیمہ، معلمہ شمشیرہ، شبو میڈم، ڈولی میڈم نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ مدرسہ ہٰذا میں ابتدائیہ اولیٰ سے بخاری شریف تک کی تعلیم قابل اور صلاحیت مند اساتذہ و استانیوں کی نگرانی میں دی جارہی ہے۔